کراچی: شہر قائد میں مرغی قیمتیں آسمان پر پہنچنے کے بعد اب گائے اور بکرے کے گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ہے کیونکہ میٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن نے قیمتیں بڑھانے کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر میٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن ندیم قریشی کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ گائے کا گوشت 600 روپے اور بکرے کا گوشت 1100 روپے فی کلو فروخت کر کے کاروبار نہیں چلا سکتے جبکہ گزشتہ 5 سالوں میں گائے اور بکرے کے گوشت کی قیمتیں طے بھی نہیں ہوئیں۔
صدر میٹ مرچنٹ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ دوکانداروں کو بھاری جرمانے کر رہی ہے اور دوسری جانب ایکسپورٹرز کے جانور ڈالر میں خریدنے پر قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ جس کے باعث غیر قانونی مذبح خانوں میں پریشر گوشت تیار کیا جا رہا ہے، اس لئے کمشنر کراچی کو ناصرف نئی قیمتیں مقرر کرنے کا حکم دیا جائے بلکہ ضلعی انتظامیہ کو دکانوں پر چھاپوں اور گرفتاریوں سے روکا جائے۔