مسقط: کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث عمان نے بھارت، پاکستان اوربنگلا دیش پرسفری پابندیاں عائد کر دیں۔
عمانی میڈیا کے مطابق عمان نے بھارت، پاکستان اور بنگلا دیش سے آنے والوں پرپابندی کافیصلہ کیا ہے. 24 اپریل سے بھارت، پاکستان اور بنگلا دیش سے آنے والوں پرپابندی ہوگی۔
خیال رہے کہ بھارت میں کورونا کی دوسری اور پاکستان تیسری لہر کی ہلاکت خیزی جاری ہے جبکہ بھارت میں ایک روز میں 2، 2 لاکھ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کورونا وائرس کی نئی قسم کے بڑھتے ہوئے کیسز کے تناظر میں برطانیہ نے 9 اپریل سے پاکستان سمیت 4 ممالک کو پابندیوں سے متعلق ریڈ لسٹ میں شامل کر لیا تھا۔
برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ 9 اپریل سے برطانیہ میں شروع ہونے والی سفری پابندیوں میں پاکستان بھی شامل ہوگا۔
کرسچن ٹرنر نے کہا کہ برطانوی حکومت نے کووڈ-19 کیسز پر متعلق نظرثانی کے بعد سرحدی حدود میں داخلے کے حوالے سے یہ فیصلہ کیا، لہذا یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ پاکستان کو برطانیہ کی سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
Important travel update: ???????? will be added to the ????????’s red list of travel ban countries from 9 April???? pic.twitter.com/HVRyp9xEzp
— Christian Turner (@CTurnerFCDO) April 2, 2021
انہوں نے کہا کہ ریڈ لسٹنگ کا مطلب یہ ہے کہ صرف انگلینڈ اور آئرلینڈ کے شہریوں اور برطانیہ میں رہائش کے حقوق رکھنے والے افراد کو برطانیہ آنے کی اجازت ہوگی۔
برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ اگر وہ برطانیہ آمد سے 10 روز قبل پاکستان میں مقیم رہے ہوں گے تو مسافروں کو لازمی طور پر 10 روز تک ہوٹل میں قرنطینہ کرنا ہوگا اور اس قیام کی ادائیگی بھی خود کرنی ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ 9 اپریل یعنی جمعے کی صبح 4 بجے سے ان اقدامات کا اطلاق ہوگا۔