پاکستان نے اقوام متحدہ کے تین اہم اداروں کی رکنیت حاصل کر لی

05:39 PM, 21 Apr, 2021

اسلام آباد:  پاکستان نے اقوام متحدہ کے تین اہم اداروں، جرائم کی روک تھام اور کریمنل جسٹس سے متعلق کمیشن (سی سی پی سی جے)، خواتین کی حیثیت سے متعلق کمیشن (CSW) اور پاپولیشن اینڈ ڈویلپمنٹ سے متعلق کمیشن (سی پی ڈی) کی رکنیت حاصل کر لی ہے۔

اقوام متحدہ میں تین اہم پوزیشنوں کے حصول کی کامیابی پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے بتایا کہ یہ کمیشنز مختلف معاشرتی اور معاشی امور پر بین الاقوامی تعاون بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخابات اقوام متحدہ کے 54 رکنی پرنسپل آرگنائزیشن اقتصادی و سماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) میں منعقد ہوئے۔ سی سی پی سی جے اور سی پی ڈی کے لئے پاکستان کا انتخاب اقتصادی و سماجی کونسل کے تمام ارکان کی جانب سے اتفاق رائے سے عمل میں لایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ سی ایس ڈبلیو کے انتخاب کے لئے پاکستان نے 50 ووٹ حاصل کیے۔ پاکستان ان تینوں کمیشنوں کی رکنیت یکم جنوری 2022ء سے سنبھالے گا۔ پاکستان کا بیک وقت ان تینوں اہم کمیشنوں کا انتخاب اقوام متحدہ میں پاکستان کے فعال کردار اور تعمیری شراکت پر عالمی برادری کے اعتماد کی عکاس ہے۔

زاہد حفیظ چودھری نے بتایا کہ ان کمیشنوں کی رکنیت کے ذریعے پاکستان بین الاقوامی سطح پر منظم جرائم کا مقابلہ کرنے اور کریمنل جسٹس انتظامی نظام کو منصفانہ بنانے، صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے اور آبادی کے اعدادوشمار اور معلومات کی تیاری اور تجزیہ کرنے میں ملکوں کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیتا رہے گا۔

مزیدخبریں