ممبئی :دیپکا پڈوکون اور رنبیر کپور بالی وڈ کی ایک ایسی جوڑی ہے جس نے اپنے ماضی کو بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ بطور پروفیشنل کام کرنے کا کامیاب فیصلہ کیا ہے ۔
حالانکہ ان دونوں کے مداح انھیں ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں لیکن دیپکا اور رنبیر نے بریک اپ کے بعد 'تماشا' اور 'یہ جوانی ہے دیوانی' کے بعد کوئی فلم نہیں کی ، دیپکا اصل زندگی میں آگے بڑھ چکی ہیں اور ان کی زندگی میں مبینہ طور پر رنویر سنگھ نے رنبیر کپور کی جگہ لے لی ہے۔
ان دونوں نے اس ہفتے شبانہ اعظمی کی غیر سرکاری تنظیم 'مجوان' کے لیے ایک فیشن شو کیا۔ دونوں مشہور فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترہ کے ملبوسات کے لیے شو سٹاپر بنے ، ان دونوں کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں اور لوگوں نے ایک بار پھر انھیں ساتھ دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔
اس موقعے پر رنبیر کپور نے ایک اچھے بچے کی طرح تقریر کرتے ہوئے غالباً دیپکا کو متاثر کرنے کی بھر پور کوشش کی۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی ممی نے انھیں یہ بات سکھائی ہے کہ ایک اچھا مرد وہی ہے جو عورت کی عزت کرے۔
ایک اچھا مرد وہ ہے جو اپنی بہن، بیٹی اور بیوی کو زندگی میں ترقی کرنے اور با اختیار ہونے کا موقع دے اور میں ایک اچھا انسان بننے کی کوشش کر رہا ہوں۔