وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے ملاقات

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے ملاقات
کیپشن: image by Pakistan high commissioner

لندن: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے ملاقات میں کشمیری عوام کی تحریک کو اجاگر کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی موجودہ صورتحال کا نوٹس لیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور برطانوی وزیر اعظم کے درمیان ملاقات دولت مشترکہ سربراہان حکومت کے 25 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی وزیراعظم کو دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کشمیری عوام کی تحریک کو اجاگر کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی موجودہ صورتحال کا نوٹس لیا جائے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی وزیراعظم کو دہشت گردی و انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے دوطرفہ بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری کے شعبہ میں تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور برطانیہ کے ترقیاتی ادارہ کی جانب سے پاکستان میں کام کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے برطانوی حکومت کی جانب سے بالخصوص بریگزٹ کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں مدد دینے کیلئے ٹریڈ انوائے کی تقرری کو بھی سراہا۔ انہوں نے اپنے دورہ کابل کا بھی حوالہ دیا اور افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔