سپریم کورٹ کا حکم:سیاست دان نیب کے ریڈار پر آگئے،کرپشن کیسز دوبارہ  کھل گئے

سپریم کورٹ کا حکم:سیاست دان نیب کے ریڈار پر آگئے،کرپشن کیسز دوبارہ  کھل گئے

اسلام آباد :سپریم کورٹ کے حکم پر نیب نے سیاست دانوں کے  تمام کرپشن کیسز کھول دیے ہیں ۔چیئرمین نیب کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس میں بڑے فیصلے   ہوئے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر  آصف علی زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال کر دیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیب نے کیسز کی بحالی سے متعلق رجسٹرار احتساب عدالت اسلام آباد کو خط لکھ دیا ہے۔

 نیب نے سپریم کورٹ فیصلے پر احتساب عدالت میں 80 کیسز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق سابق آصف زرداری کےخلاف جعلی اکاؤنٹ کیسز بھی بحال ہوگئےہیں جبکہ راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کیس بھی کھل گیا۔

نواز شریف،آصف زرداری،یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس  بھی کھل گیاہے ،   مراد علی شاہ، شاہد خاقان عباسی کے خلاف کیسز بھی بحال کر دیے گئے ہیں۔


 اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا داخل دفتر کیا گیا کیس بھی کھل گیا۔ذرائع کے مطابق  نیب کی جانب سے کیسز کا ریکارڈ احتساب عدالت کو کل پیش کیے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے نیب ترامیم کی 10 میں سے 9 ترامیم کالعدم قرار دی تھیں۔


عدالت نے اپنے فیصلے میں کہاتھا  کہ عوامی عہدوں پر بیٹھے تمام افراد کے مقدمات بحال کیے جاتے ہیں، عوامی عہدوں کے ریفرنس ختم ہونے سے متعلق نیب ترامیم کالعدم قرار دی جاتی ہیں، نیب ترامیم کے سیکشن 10 اور سیکشن14 کی پہلی ترمیم کالعدم قرار دی جاتی ہیں۔


یاد رہے کہ پارلیمنٹ نے نیب قانون کے سیکشن 2، 4، 5، 6، 25 اور 26 میں ترامیم کی تھیں، اس کے علاوہ نیب قانون کے سیکشن 14، 15، 21 اور 23 میں بھی ترامیم کی گئی تھیں۔

مصنف کے بارے میں