تہران: ایران میں اسلامی لباس کی خلاف ورزی پر دس سال کی قید ہوگی ۔ اسلامی قوانین کے مطابق لباس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے اور دیگر سخت سزائیں دی جا سکیں گی۔خواتین کے لیے اسلامی ڈریس کوڈ میں سر کو مکمل طور پر ڈھانپنالازمی قرار دیا گیا ہے تا کہ بال اور گردن نظر نہ آئیں۔
ایران کی پارلیمنٹ نے اسلامی لباس یعنی ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی پر 10 سال تک کی قید کی سزاؤں کا قانون منظور کرلیا ہے۔ ایران کی اسمبلی نے “حجاب اور عفت کی ثقافت کی حمایت” بل کو 3 سال کی آزمائشی مدت کے لیے منظور کرلیا جس کے بعد یہ بل گارڈین کونسل کے پاس توثیق کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
اس بل کے تحت اسلامی ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی پر 5 سے 10 سال تک قید، جرمانے اور دیگر سخت سزائیں دی جا سکیں گی۔
اس بل پر سختی سے عمل درآمد کرانے کے لیے جگہ جگہ سی سی ٹی وی فوٹیجز نصب کیے گئے اور انھیں ایک مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کیا گیا ہے۔یہ بل مہسا امینی نامی 22 سالہ کرد لڑکی کی پولیس کی زیر حراست ہلاکت کے بعد ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں کے بعد متعارف کرایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد ہی ایران میں خواتین کے لیے سر اور گردن کو ڈھانپنے والے سکارف پہننا لازمی قرار دیا گیا تھا۔