اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کےمطابق مالی سال 2024 کے دوران پاکستان کو مہنگائی، معاشی مشکلات کا سامنا رہےگا اور رواں مالی سال مہنگائی کی مجموعی شرح 25 فیصد تک رہے گی جبکہ الیکشن کے انعقاد سے پاکستان کی معیشت سنبھل سکتی ہے۔
اے ڈی بی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال کے دوران توانائی کی قیمت میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ رواں مالی سال پاکستان کی معیشت کی شرح نمو 1.9 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو مستحکم معاشی گروتھ کیلئے حکومتی ملکیتی اداروں میں اصلاحات ضروری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان کی معیشت کو سیلاب اور سیاسی عدم استحکام کا سامنا رہا، سیاسی عدم استحکام اور سیلاب کے باعث مہنگائی اور شرح نمو کم رہی تاہم مستحکم گروتھ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کی معیشت کے لیے شراکت داری جاری رہے گی۔