کراچی : سات میچوں کی سیریز میں انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلے میچ میں محمد رضوان کے علاوہ پاکستان کے تمام بلے باز ناکام رہے ۔ بہترین آغاز کے باوجود پاکستان 7 وکٹوں پر 158 رنز بنا سکا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے ٹی20 سیریز کےپہلےمیچ میں 17 سال بعد پاکستان کے دورہ پر آنے والی انگلینڈ ٹیم کے قائم مقام کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر میزبان پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ شان مسعود نے پاکستان کی جانب سے ٹی20 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا۔
قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بہترین آغاز کیا اور اور 85 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد رضوان نے 32 گیندوں پر چھکے کے ساتھ اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ بابراعظم کو عادل رشید نے بولڈ کردیا تاہم انہوں نے 24 گیندوں پر 31 رنز بنائے تھے۔
محمد رضوان بہترین بلےبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی20 کرکٹ کی 52 اننگز میں تیز ترین 2 ہزار بنانے کا بابراعظم کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔ ٹیم واپس آنے والے نوجوان بلے باز حیدر علی نے 13 گیندوں پر 11 رنز بنا کر دوسری وکٹ میں 24 رنز کا اضافہ کرنے تک محمد رضوان کا ساتھ دیا اور اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ڈیوڈ ویلی کو کیچ دے گئے۔
حیدرعلی آؤٹ ہونے والے دوسرے بلےباز تھے اور اس وقت پاکستان کا اسکور ایک وکٹ پر 109 رنز تھا۔محمد رضوان 46 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کیریئر کا پہلا میچ کھیلنے والے شان مسعود بڑی اننگز کھیلنےمیں ناکام ہوئے اور 7 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کے باؤلرز نے پاکستانی بلے بازوں کے قدم بڑے اسکور کی جانب سے بڑھنے سےروک دیا اور اور اپنی ٹیم کے لیے ایک آسان ہدف دلایا۔
محمد نواز کی اننگز 4 رنز تک محدود رہی تاہم افتخار احمد نے 17 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔افتخار احمد آخری اوور کی دوسری گیند پر ایک اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے جبکہ ڈوکیٹ نے باؤنڈری پر ان کا ایک شان دار کیچ تھام لیا۔
نسیم شاہ ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے تاہم صفر پر ووڈ کی گیند پر کیوران کو کیچ دےگئے۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 158 رنز بنائے اور انگلینڈ کو فتح کے لیے 159 رنز کاہدف دیا۔