کشمیر بھارت اور پاکستان کا باہمی مسئلہ ہے، سعودی وزیر خارجہ

09:47 PM, 20 Sep, 2021

نئی دہلی: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کشمیر بھارت اور پاکستان کا باہمی مسئلہ ہے تاہم دونوں ممالک بات چیت سے تنازعات حل کریں

بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کشمیر بھارت اور پاکستان کا باہمی مسئلہ ہے تاہم دونوں ممالک بات چیت سے تنازعات حل کریں جبکہ افغانستان میں القاعدہ، داعش اور طالبان کا دوبارہ منظرعام پرآنا قابل فکر ہے۔

سعودی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان سے دوسرے ممالک میں دہشتگردی پھیلنے کے خطرات پر تحفظات ہیں لیکن طالبان نے کہا ہے کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک میں دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان حکومت تسلیم کرنے کیلئے انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی پرعمل کر رہے ہیں جبکہ افغانستان میں امن و استحکام اور شمولیتی پالیسی چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی وزیر خارجہ ان دنوں بھارت کے دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں افغان طالبا ن نے عبوری نظام حکومت کے بعد نیاآئینی ڈھانچہ بھی جاری کر دیا اور ملک کا سرکاری مذہب اسلام اور تمام قوانین بھی اسلامی ہونگے ۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان نے عبوری نظام حکومت کیلئے نیا آئین بھی جاری کر دیا جس میں مذہب ،قوانین اور خارجہ پالیسی سے متعلق مکمل پالیسی دی گئی،نئے آئین کے مطابق افغان خارجہ پالیسی بھی اسلامی شریعت کے مطابق ہی ہو گی اور تمام پڑوسیوں کےساتھ حل طلب مسائل پرامن طریقے سے حل کیے جائیں گے۔

نئے آئین کے مطابق سرکاری مذہب اسلام ،قوانین بھی اسلامی ہی ہونگے ،نئے آئین کے بنیادی ڈھانچے کے مطابق عوام کو بنیادی انسانی حقوق اور انصاف یکساں طور پر حاصل ہو گا۔ 

مزیدخبریں