واشنگٹن: امریکا نے برطانوی اور یورپی شہریوں پر سے سفری پاپندیاں اٹھانے کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ویکسی نیشن مکمل کرانے والے افراد امریکا میں داخل ہو سکتے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے سابق صدر ٹرمپ کے دورِ حکومت میں برطانوی اور یورپی شہریوں پر عائد سفری پابندیاں 18 ماہ بعد اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مکمل ویکسی نیشن کرانے والے افراد کو امریکا میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ کورونا ویکسی نیشن مکمل کرانے والے برطانوی اور یورپی شہری نومبر کے آغاز میں امریکا میں داخلے کے اہل ہوں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
امریکی فیصلے کے تحت ایسے افراد کو بھی امریکا میں داخلے کی اجازت ہوگی جو ایسے کورونا ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز میں حصہ لے چکے ہیں جو اب تک برطانیہ میں منظور نہیں ہوئی ہے جب کہ فیصلے سے 40 ہزار افراد امریکا میں داخلے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ صورتحال میں امریکی شہری، رہائشی اور اسپیشل ویزا رکھنے والے غیر ملکیوں کو ہی یورپی ممالک سے امریکا میں داخلے کی اجازت ہے۔