دبئی : پولیس نے میاں بیوی کے قتل کا سراغ لگا لیا ، کمپاؤنڈ میں قتل ہونے والے میاں بیوی کا قاتل ان کا ملازم ہی نکلا ۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں مقیم ایشیائی تاجر اور اس کی بیوی کو ان کے ملازم نے ہی قتل کردیا تھا قاتل پولیس کے ہتھے نہیں چڑھ رہا تھا اور کمال ہوشیاری سے غائب ہوگیا تھا ۔پولیس نے انتہائی پچیدہ کیس کو کمال مہارت کے ساتھ حل کیا ۔
مقامی میڈیا ذرائع کے مطابق تفتیش کرنے والے کرنل مکی سلمان نے کہا ہے کہ دبئی میں مقیم ایک ایشیائی تاجر اور اس کی بیوی کا ایک کمپاؤنڈ میں قتل ہوا تھا۔
جائے وقوعہ سے خون کے نشانات ملے تو تفتیش کاروں کو شک ہوا کہ یہ قاتل کا خون ہوسکتا ہے، تفتیشی ٹیم نے زمین پر خون کے نشانات کا تعاقب کیا لیکن کمپاؤنڈ کے باہر جا کر نشانات بالکل غائب ہوگئے۔
تفتیش کاروں کو گھر سے کچھ دور خون کے دھبے اورغیرواضع نشانات ملے جب مذکورہ نشانات کا تعاقب کیا گیا تو وہ نشانات ٹیم کو شارع شیخ محمد بن زاید تک لے گئے جہاں ایک پٹرول پمپ قائم تھا۔تفتیشی ٹیم نے پٹرول پمپ کے اردگرد تلاشی لی تو ایک جگہ پر وہ چھرا ملا جو آلہ قتل ثابت ہوا۔
تفتیشی ٹیم چھرا لے کر واپس آگئی اور مختلف دکانوں سے پوچھ گچھ کے بعد ایک دکاندار نے چھرے کو پہچان لیا اور اپنی دکان کے سی سی ٹی وی کیمرے سے ملزم کی شناخت کرلی گئی ۔
پولیس کے مطابق قتل کرنے والا کمپاؤنڈ میں کام کرنے آتا تھا پھر ایک دن اس نے چوری کا ارادہ کیا، جب وہ گھر میں چوری کرنے داخل ہوا تو اچانک تاجر بیدار ہوگیا دونوں میں جھڑپ ہوئی جس سے ملزم بھی تھوڑا زخمی ہوگیا اور ا س کے خون کے نشانات کی وجہ سے پولیس ملزم تک پہنچ گئی ۔
واردات کے دوران چور نے تاجر اور اس کی بیوی کو قتل کردیا اور ان کی بیٹی کو زخمی کرکے جائے واردات سے فرار ہوگیا تھا۔