نصیب اللہ حقانی افغان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو مقرر

06:14 PM, 20 Sep, 2021

کابل: افغان کرکٹ بورڈ نے نصیب اللہ حقانی کو چیف ایگزیکٹیو مقرر کر دیا ہے۔ 

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے اپنے نئے چیف ایگزیکٹیو کا اعلان کرتے ہوئے نصیب اللہ حقانی کو افغان کرکٹ بورڈ کا چیف ایگزیکٹیو مقرر کر دیا۔

اس سے قبل طالبان نے افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو کھیلنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا تھا کہ کرکٹ سے کوئی مسئلہ نہیں اور وہ افغانستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کے امور میں مداخلت نہیں کریں گے۔

کابل پر طالبان کے کنٹرول کے باوجود افغان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی تھی کہ سری لنکا میں پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز شیدول کے مطابق ہو گی اور وہ شپاگیزا ٹی20 لیگ میں توسیع بھی کررہے ہیں۔

افغانستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا آپریشنز کے سربراہ حکمت حسن نے کہا تھا کہ طالبان کو کرکٹ سے کوئی مسئلہ نہیں ہے اور انہوں نے ہمیں کہا ہے کہ ہم اپنے منصوبے شیڈول کے مطابق جاری رکھ سکتے ہیں جس کے بعد ٹیم پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کابل میں دو روزہ تربیتی کیمپ مکمل کر لیا ہے جبکہ ہمارے اسپانسرز، پروڈکشن ٹیم اور کٹ بھی تیار ہے۔

دوسری جانب طالبان نے افغانستان میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچز دکھانے پر پابندی لگا دی۔

افغان کرکٹ بورڈ کے سابق میڈیا منیجر ابراہیم مومند نے ٹوئٹ میں بتایا کہ طالبان نے قومی ٹی وی پرآئی پی ایل کے میچز دکھانے پر پابندی لگا دی ہے۔ اس کے علاوہ افغان صحافی انیس الرحمان نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ افغان اسپورٹس چینل آر ٹی اے اسپورٹس ٹرانسمیشن کیلئے فیس بھی ادا کرچکا ہے۔ تاہم اس حوالے سے طالبان کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

خیال رہے کہ آئی پی ایل کا 14 واں سیزن متحدہ عرب امارات میں جاری ہے جس میں کئی غیرملکی کھلاڑی بھی شریک ہیں۔ طالبان نے افغانستان پر کنٹرول کے بعد آئی پی ایل کی نشریات پر پابندی عائد کر دی ہے۔

مزیدخبریں