امریکا اور چین سرد جنگ سے باز رہیں، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

05:42 PM, 20 Sep, 2021

جنیوا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکا اور چین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں سرد جنگ سے باز رہیں ورنہ یہ آگ پوری دنیا میں ہی پھیل جائے گی۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے امریکا اور چین کو اپنے تنازعات فوری طور پر حل کرنے سے متعلق متنبہ کیا ہے کہ اگر  دونوں ممالک اپنے مکمل طور پر غیر فعال تعلقات کو بحال نہیں کرتے دو بڑے اور انتہائی بااثر ممالک کے درمیان مسائل باقی دنیا تک پھیل جائیں گے۔

اقوام متحدہ کے عالمی رہنماؤں کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور امریکا دنیا کی دو بڑی معاشی طاقت ہیں جو کورونا ویکسینیشن اور ماحولیاتی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں تاہم اس میں دونوں کی سرد جنگ رکاوٹ بن رہی ہے اس لیے ہمیں ان 2 طاقتوں کے درمیان ایک فعال تعلق کو دوبارہ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے اس وقت ہمیں پہلے ہی کورونا، موسمیاتی تبدیلیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے جب کہ دو اہم اور طاقتور ممالک ان مسائل سے نبرد آزما ہونے میں مدد کرنے کے بجائے اختلاف اور مسائل میں الجھے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار سنبھالتے ہی چین کے ساتھ معاشی جنگ کو پسندیدہ قرار دیتے ہوئے حریف ملک پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کی تھیں جواب میں چین نے بھی امریکی مصنوعات پر ٹیکس کی شرح کو دگنا کردیا تھا اور یہ معاشی جنگ ٹرمپ کے دور کے خاتمے کے باوجود تاحال جاری ہے۔

مزیدخبریں