اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی بریت کے خلاف نیب اپیل کل سماعت کے لیے مقرر کردی ۔
نیو نیوز کے مطابق جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ اپیل پر سماعت کرے گا نیب نے نواز شریف کی بریت کالعدم قرار دے کرکے سزا دینے کی استدعا کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نیب کے العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال کی قید سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کردیا تھا جس کے خلاف نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔
فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کیا ہے؟
العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس سے ملتا جلتا دوسرا ریفرنس فیلگ شپ انویسٹمنٹ کا ہے جو کہ محمد نواز شریف کے چھوٹے بیٹے حسن نواز نے برطانیہ میں سنہ 2001 میں قائم کی تھی۔
نواز شریف اس بات سے انکار کرتے ہیں کہ انھوں نے اپنے بیٹے کے کاروبار سے کسی قسم کا کوئی لین دین رکھا تھا لیکن نیب کا کہنا ہے کہ وہ اس کمپنی کے بورڈ کے چیئرمین رہے ہیں۔
فلیگ شپ انویسٹمنٹ سمیت حسن نواز نے دس اور کمپنیاں قائم کی ہوئی تھیں جن کے پاس لندن کے چند مہنگی ترین پراپرٹیاں تھیں جن میں سے ایک 'ون ہائیڈ پارک پلیس' شامل ہے، جس کی مالیت تقریباً پانچ کروڑ برطانوی پاؤنڈ لگائی گئی ہے۔
ریفرنس میں یہ معلوم کرنا تھا کہ حسن نواز کے پاس اس کمپنی کو قائم کرنے کے لیے سرمایہ کہاں سے آیا اور نواز شریف کے اس میں کیا کردار ہے۔