دورہ نیوز ی لینڈ منسوخی کے بعد شائقین کرکٹ کیلئے بڑی خوشخبری 

05:32 PM, 20 Sep, 2021

اسلام آباد:دورہ نیوزی لینڈ منسوخی کے بعد جہاں شائقین کرکٹ مایوس تھے وہیں نیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز دیکھنے کی اجازت بھی دیدی گئی ،نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شائقین کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں کیا گیا ہے، 30 ستمبر تک 25 فی صد شائقین گراؤنڈ میں میچ دیکھ سکیں گے، جب کہ 25 فی صد شائقین کی شرح میں اضافے پر نظر ثانی 28 ستمبر کو کی جائے گی۔

فیصلے کے مطابق ویکسینیٹڈ افراد کو ہی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی، اور پی سی بی ویکسینیٹڈ افراد کو ٹکٹ کے اجرا کے لیے طریقۂ کار تیار کرے گا۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ میچز کے لیے سیکیورٹی کی ذمے داری پی سی بی کی ہوگی اور پی سی بی ہی کرکٹ گراؤنڈ میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرائے گا۔

کرکٹ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے لیے ماسک، سماجی فاصلہ رکھنا لازم ہوگا، این سی او سی نے وزارت صحت، داخلہ، چیف سیکریٹری کو اس سلسلے میں مراسلہ بھجوا دیا۔

 این سی او سی کی جانب سے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین، سی ای او، اور سی او او کو بھی مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں