حکومت کا وزیراعظم کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات منظرعام پر لانے سے انکار

04:10 PM, 20 Sep, 2021

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کو بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات منظر عام پر لانے سے انکار کردیا گیا ۔ کابینہ ڈویژن نے تحائف کو 'کلاسیفائیڈ' قراردے دیا۔ 

کابینہ ڈویژن نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں شہری کو وزیراعظم کے تحائف کی تفصیلات دینے کا انفارمیشن کمیشن کا حکم چیلنج کردیا۔  وفاقی حکومت نےعمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے تحائف کو 'کلاسیفائیڈ' قراردے دیا۔

کابینہ ڈویژن نے بتایا کہ سربراہان مملکت کےدرمیان تحائف کاتبادلہ بین الریاستی تعلقات کا عکاس ہوتاہے ۔ ایسے تحائف کی تفصیل اجرا سے 'میڈیا ہائپ' اور غیر ضروری خبریں پھیلیں گی ۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق بے بنیاد خبریں پھیلنے سے مختلف ممالک کیساتھ تعلقات متاثر، ملکی وقارمجروح ہوگا۔ عدالت نے  پاکستان انفارمیشن کمیشن اور شہری ابرارخالد کو نوٹس کر کے  جواب طلب کرلیا ۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے احکامات جاری کیے۔

مزیدخبریں