لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی تاریخی ناکامیوں کو اداروں اور میڈیا پر حملوں سے چھپانا چاہتے ہیں۔ سب تماشا عوام کے اصل مسائل سے نظر ہٹانے کے لئے کیا جاتا ہے۔
مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت ملک میں تاریخی بے روزگاری اور مہنگائی ہے۔ عمران خان ملکی معیشت کو لے ڈوبے ہیں۔ مہنگائی کی چھری سے عوام کو حلال کر دیااور چاہتے ہیں کوئی ان کیخلاف نہ بولے۔
ان کا کہنا تھا کہ ای وی ایم اور میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے اصل ایشوز سے توجہ ہٹانے نہیں دیں گے۔ عوام کے آٹے، چینی، بجلی، گیس، دوائی کی بات نہ ہو، اس لئے کرائے کے ترجمان روز پریس کانفرنس سے قوم کا پیسہ ضائع کرتے ہیں۔ کرائے کے ترجمانوں نے پی آئی ڈی کو تحریک انصاف کا دفتر بنا لیا ہے۔
لیگی ترجمان نے کہا کہ عمران خان مہنگائی، بے روزگاری چھپانے کیلئے ہر روز نیا ڈرامہ کرتے ہیں۔ انتخابی اصلاحات کے تماشوں کی آڑ میں الیکشن کمشن کو نشانہ بنانے کی اصل وجہ غیر قانونی فارن فنڈنگ کیس کی تکلیف ہے۔ میڈیا کا گلا گھونٹا جا رہا ہے تاکہ عمران صاحب اینڈ کمپنی کی کرپشن، ناکامیوں اور چوریوں کو رپورٹ نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخی مہنگائی، بے روزگاری، ملکی و غیر ملکی قرضوں کا بوجھ عمران صاحب کے گلے کا ڈھول بن چکا ہے۔ مہنگائی بڑھ رہی ہے کیونکہ وزیراعظم چور ہے، میڈیا اور اپوزیشن یہ بات نہ کریں اس لئے کالے قانون بنائے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں سے عمران صاحب کو کوئی ہمدردی نہیں، وہ ان کی آڑ میں اپنی ناکامیاں چھپانا چاہتے ہیں۔ بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کے لئے نہیں بلکہ عمران صاحب اپنی اور ساتھیوں کی لوٹ کھسوٹ کے لئے فکر مند ہیں۔