راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں آپریشن کرکے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے اہم کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں مارے جانے والے ٹی ٹی پی کمانڈر کا نام صفی اللہ ہے، یہ آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا تھا۔ سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صفی اللہ نومبر 2020ء میں ایف ڈبلیو او کے انجینئرز کی ٹارگٹ کلنگ جبکہ 2021ء میں غیر سرکاری تنظیم کی 4 خواتین کے قتل میں بھی ملوث تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جنوبی وزیرستان میں ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے ایک آپریشن میں 5 دہشتگرد مارے گئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 7 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ معلومات پر کیا جانے والا یہ آپریشن جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزا میں کیا گیا تھا۔
اس سے قبل دتہ خیل میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا تھا جس میں 2 دہشتگرد مارے گئے تھے۔
شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں بھی سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا تھا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا تھا۔