لاہور: ڈینگی سے ایک موت ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے بھر میں انسداد ڈینگی مہم شروع کرنے کی ہدایت کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبہ بھر میں تمام کرورز کو متحرک کر دیں ۔ انہوں نے عہدیداروں کو غفلت کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اینٹی ڈینگی مہم کے لیے فیلڈ ٹیمیں متحرک کریں ۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ عملے کو سرکاری اور نجی عمارتوں ، ٹائروں کی دکانوں اور قبرستانوں سمیت مختلف مقامات پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی نگرانی کریں ۔
انہوں نے ڈینگی کے مریضوں کو معیاری علاج کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈز اور کاؤنٹرز پر مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو ضروری سہولیات فراہم کی جائیں ۔
عثمان بزدار نے شہریوں کو اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے گھروں اور چھتوں پر پانی اکٹھا نہ ہونے دیں ۔