لاہور:گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا اپنا اپنا پیج ہے یہ کبھی ایک پیج پر نہیں آ سکتیں،حکومت کے 2سال مکمل ہو چکے ہیں اور باقی 3 سال بھی پورے ہوں گے۔
گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور حکومتی امور کے بارے میں بات چیت کی گئی۔
گورنر سندھ نے بارشوں سے متاثرہ سندھی عوام کے لیے ریلیف پیکج پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ سال 2023 تک اے پی سیز ہوتیں رہیں گی لیکن حکومت قائم رہے گی کیونکہ اپوزیشن جماعتوں کا اپنا اپنا پیج ہے یہ کبھی ایک پیج پر نہیں آسکتیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے 2 سال مکمل ہو چکے ہیں اور باقی 3 سال بھی پورے ہوں گے کیونکہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ ناممکن کو ممکن کر کے دکھایا ہے۔عوام حکومتی بیانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور مخالفین ناکام ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کمزور طبقات کی خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی ایمانداری پر کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔معاشی اور سفارتی محاذ پر پاکستان نے دنیا میں اپنا مقام بنایا ہے۔
اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ خوشحال اور مستحکم پاکستان ہی وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے اور ملک پہلی بار درست سمت میں کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومتی پالیسیاں کامیاب ہو رہی ہیں۔