احد چیمہ کی اربوں مالیت کی جائیدادیں تحویل میں لینے کا حکم

احد چیمہ کی اربوں مالیت کی جائیدادیں تحویل میں لینے کا حکم
کیپشن: احد خان چیمہ کے نام موجود ہل لاک ویو اسلام آباد میں موجود اپارٹمنٹ بھی فریز کر دیا گیا۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لاہور: نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ملزم احد خان چیمہ کی اربوں روپے مالیت کی جائیدادیں تحویل میں لینے کا حکم دے دیا۔نیب لاہور کی جانب سے ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر انتظامی افسران کو خط لکھ دئیے گئے جس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے تمام اثاثہ جات کو تحویل میں لینے کے احکامات دئیے گئے ہیں جبکہ سینکڑوں کنال زرعی اراضی، فلیٹ، بینک اکائونٹ، متعدد اپارٹمنٹ، پلاٹس کو بھی تحویل میں لیا جائے گا۔

نیب لاہور کے مطابق زمینوں کی تفصیلات میں موضح کرباتھ میں موجود 22 کنال 19 مرلہ زرعی زمین، موضح جھولکے میں موجود 48 کنال 10 مرلہ زمین، موضح ڈھوری میں 21 کنال 4 مرلہ زرعی زمین اور موضح تیڈھا میں موجود 99 کنال 17 مرلہ زمین سرکاری تحویل میں لینے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

لاہور کے علاوہ حافظ آباد میں موجود 113 کنال 19 مرلہ زرعی زمین اور دیگر 188 کنال 12 مرلہ زمین بھی فوری قبضہ میں لینے کے احکامات صادر کر دیئے گئے۔ پلاٹوں کی تفصیلات میں بینک الفلاح ایمپلائیز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی میں 15، 15 مرلہ کے 2 پلاٹ، گلبرگ ریذیڈینشیاء اسلام آباد میں قائم آئی بی ایمپلائیز کوآپریٹو سوسائٹی میں موجود 1 پلاٹ، ایف آئی اے کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں موجود 2 پلاٹ، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز کوآپریٹو سوسائٹی میں موجود 4 پلاٹ، فیصل ریزیڈینشیاء اسلام آباد میں 3 پلاٹ بھی فریز کی گئی جائیدادوں میں شامل ہیں۔

ملزم احد خان چیمہ کے نام موجود ہل لاک ویو اسلام آباد میں موجود اپارٹمنٹ بھی فریز کر دیا گیا ہے۔ نیب لاہور کیجانب سے جاری آرڈر میں پابند کیا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ کلکٹر کے عہدہ کے آفیسر کو متعین کیا جائے اور تمام زمینوں اور دیگر اثاثہ جات پر فوری طور پہ قبضہ حصولی کے جاری کردہ آرڈر پر عملدرآمد کروایا جائے۔