اسلام آباد:ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس، عزادری کا سلسلہ جاری ، کئی شہروں میں موبائل فون سروس معطل،چمن میں پاک افغان سرحد پر باب دوستی اور تفتان میں پاک ایران سرحد پر زیرو پوائنٹ اور راہداری گیٹ دو روز کے لیے بند کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں نو محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے جو مقررہ راستوں ہوکر پرامن طور پرمقررہ مقامات پر اختتام پزیر ہوئے، جلوسوں میں ذاکرین نو محرم الحرام کے دن کی مناسبت سے بیان کر تے رہے جبکہ عزادری کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی نویں محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثنائے عشری سیکٹر جی سکس ٹو سے برآمد ہو گیا ، جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بعد نماز مغرب واپس امام بارگاہ اثنائے عشری پر ختم ہوا،جلوس کی سیکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ایس ایس پی آپریشنزنے مزیدبتایا کہ جلوس کے راستوں کی خفیہ کیمروں سے نگرانی کی جا تی رہی جبکہ سیف سٹی منصوبے کے کیمروں سے بھی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جارہا تھا، اسلام آباد انتظامیہ نے مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیا تھا، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے، جبکہ مقررہ راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی تھی-
راولپنڈی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ فاطمیہ چیٹیاں ہٹیاں سے برآمد ہوا جو اقبال روڈ کالج روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کرنل مقبول حسین جاکر اختتام پذیر ہو ا۔
کراچی میں نومحرم الحرام کا جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر مقررہ راستوں پر گامزن رہا،عزاداران نے امام بارگاہ علی رضا پر نماز ظہرین ادا کی،جلوس مختلف راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا،سیکیورٹی اداروں نے جلوس برآمد ہونے کے بعد ٹریفک کو سولجر بازار سے کوسٹ گارڈ کی طرف موڑا،جب کہ ناظم آباد سے ایم اے جناح روڈ آنے والے ٹریفک کو لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ گارڈن کی جانب موڑاگیا۔اس کے علاوہ جلوس کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، اہم عمارتوں پر اسنائپرز کو تعینات کیا گیا ، شہر میں ڈبل سواری پرپابندی عائد رہی، اور مرکزی جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بند رہی۔
لاہورمیں بھی شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس اورمجالس کا سلسلہ جاری رہا، آج کے دن کی مناسبت سے لاہور میں نویں محرم کا جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا ، جلوس نیلی بار، بابا گرانڈ، سیکرٹریٹ سے ہوکر خیمہ سادات پہنچا، جہاں جلوس کے شرکا نماز ظہرین ادا کی ، جبکہ جلوس کے شرکا ء نے نماز مغربین پرانی انار کلی میں ادا کی ،جلوس میں عزاداروں کی کثیر تعداد شریک تھی، جلوس کے راستے میں پانی اور دودھ کی سبیلیں بھی لگائی گئیں،جبکہ جلوس کے راستے اور اطراف میں موبائل فون سروس بھی معطل رہی ،اس کے علاوہ سیکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کیے گئے ،اور عزاداروں کو سخت چیکنگ کے بعد جلوس میں جانے کی اجازت دی جارہی تھی ،بعد میں جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ میں ہی اختتام پزیر ہوا-
گوجرانوالہ میں مجموعی طور پر 103 جلوس نکالے گئے جب کہ مرکزی جلوس امام بارگاہ حویلی سادات سے برآمد ہوا ،پشاور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس ذوالجناح حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہونے کے بعد اپنے مقررہ راستوں صدر روڈ،گرین شادی ہال چوک،کالی باڑی اور فوارہ چوک سے ہوتا ہوا اسی امام بارگاہ میں اختتام پزیر ہوا،شہر کے دوسری امام بارگاہوں سے بھی چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوکر مرکزی جلوس میں شامل ہو تے رہے، مرکزی جلوس کے لیئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے،جبکہ سخت چیکنگ کے بعد عزاداروں اور دیگر شہریوں کو اندرون شہر داخل ہو نے کی اجازت دی جارہی تھی۔اس کے علاوہ امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کیلئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی جبکہ جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی، اس کے علاوہ ضلع بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد رہی-
اس کے علاوہ سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکار پور، لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ ، سرگودھا، کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں بھی نویں محرم کے جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن ہوکر مقررہ مقامات پر اختتام پزیر ہوئے،حیدرآبادمیں نو محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس لطیف آباد پانچ نمبر سے برآمد ہو ا، جہاں جلوس کے شرکا کی سینہ کوبی،شہدائیکربلا کوخراج عقیدت پیش کر تے رہے-
9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے اور بڑے شہروں کے داخلی راستوں پر بھی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے،کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکار پور، لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ ، سرگودھا، کوئٹہ اور پشاور سمیت دیگر میں موبائل فون سروس کہیں جزوی اور کہیں مکمل طور پر معطل رہی جو جلوسوں کے اختتام پر بحال ہونا شروع ہوئی،چمن میں پاک افغان سرحد پر باب دوستی اور تفتان میں پاک ایران سرحد پر زیرو پوائنٹ اور راہداری گیٹ دو روز کے لیے بند کردی گئی ہے