پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کے سربراہ صلاح الدین محسود نے کہا ہے کہ محرم کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک کارروائی کے دوران جلوس کے قریب ایک دہشت گرد مارا گیا ہے۔
پشاورصدر میں 9 محرم کے مرکزی جلوس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود کا کہنا تھا کہ تمام حساس علاقوں کا دورہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس، فرنٹیر کور، فرنٹیر کانسٹیبلری، آرمی اور انٹیلی جنس ادارے مل کر کام کر رہے ہیں جبکہ محرم کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان میں کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا ہے،یہ دہشت گرد محرم کے جلوس کی حدود سے باہر تھا، مالاکنڈ ڈویژن میں بھی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا ہے۔
آئی جی صلاح الدین نے کہا کہ سیکیورٹی کی وجہ سے موبائل فون سروس بند اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پاپندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صوبے میں سیکیورٹی کی صورت حال بہتر ہے لیکن اس کے باوجود بھی ہم چوکس ہیں۔