اگر آپ کے بورڈنگ پاس پرSSSS درج ہوتو سمجھ لیں آپ بڑی مصیبت میں پڑنے والے ہیں

اگر آپ کے بورڈنگ پاس پرSSSS درج ہوتو سمجھ لیں آپ بڑی مصیبت میں پڑنے والے ہیں

اسلام آباد: ائیرلائن اور ائیرپورٹ پر مامور  سیکورٹی اہلکار اپنے روز مرہ کے کام کے لیے بہت سے ایسے کوڈ ورڈز استعمال کرتے ہیں، جو مسافروں کو معلوم نہیں ہوتے۔ایسا ہی ایک کوڈ SSSS ہے۔عام طور پر اسے منتخب مسافروں کے بورڈنگ پاس پر پرنٹ کیا جاتا ہے۔اس کوڈ کا مطلب  Secondary Security Screening Selectee ہے اور ٹرانسپورٹیشن  سیکورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے)  اسے اکثر استعمال کرتی ہے۔  یعنی جس مسافر کے پاس SSSS پرنٹ کیا ہوا بورڈنگ پاس ہوگا اسے دوسرے مسافروں سے زیادہ تلاشی دینی پڑتی ہے۔

اضافی سیکورٹی کے لیے منتخب کیےجانے کی اصل وجوہات کا توکسی کو معلوم نہیں لیکن اس حوالے سے کافی اندازے لگائے گئے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اکثر لوگوں کو اٹکل  سے اضافی سیکورٹی کے لیے منتخب کر لیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ آخری  وقت میں فلائٹ پکڑنے والوں کو بھی اضافی سیکورٹی کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔ 

ایسے افراد کو بھی اضافی سیکورٹی کے لیے الگ کیا جاتا ہے جن کے پاس بین الاقوامی سفر کا یک طرفہ ٹکٹ ہو۔اگر کوئی مسافر جہاز کے ٹکٹ کے پیسے کیش میں ادا کرتا ہے تو اسے بھی اضافی سیکورٹی کے لیے SSSSپرنٹ کیا ہوا بورڈنگ پاس دیا جا سکتا ہے۔
جن افراد کے بورڈنگ پاس پر SSSSپرنٹ ہوتا ہے ، اُنکا اضافی سیکورٹی چیکنگ میں آدھ گھنٹہ مزید لگ سکتا ہے۔ ایسے افراد کو روٹین کی چیکنگ سے تو گزرنا ہی پڑتا ہے   یعنی میٹل ڈیٹیکٹر اور باڈی سکینر سے دو بار گزرنے کے علاوہ انہیں  ہاتھوں سے تھپتھپا کر بھی دیکھا جاتا ہے۔اس کے بعد مسافر کے بیگ کھول کر ایک ایک چیز کوچیک کیا جاتا ہے۔ اچھی طرح چیکنگ کے بعد ہی مسافر کو سفر کرنے کی اجازت ملتی ہے۔