کراچی: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کوئی انصاف کا نظام نواز شریف پر ہاتھ نہیں ڈال رہا تھا اب تک ہمارا فوکس نواز شریف پر تھا کیونکہ نواز شریف نے اداروں کو تباہ کر دیا تھا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی چوری بچانے کے لیے دوسرے چوروں کو بھی بچایا اور یہ نواز شریف کے خلاف نہیں کرپشن کے خلاف جنگ تھی۔ نواز شریف 30 سال سے پیسا چوری کر کے باہر بھجوا رہے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا ملک کو یہاں تک پہنچانے کے ذمے دار آصف زرداری اور نواز شریف ہیں کیونکہ پاکستان کو کنگال کر کے شریف خاندان اربوں پتی بن گیا ۔ سندھ میں ہر چیز پر کمیشن بن رہا ہے لیکن پھر بھی پیسا دبئی جا رہا ہے جبکہ جتنی کرپشن سندھ میں ہے اتنی پاکستان کے کسی علاقے میں نہیں۔ عمران خان نے کہا دسمبر میں کراچی میں مزار قائد پر بڑا جلسہ کریں گے اور اب میری توجہ سندھ پر ہے کیونکہ میرا وعدہ تھا کہ پاناما کیس کے فیصلے کے بعد سندھ کا رخ کروں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا حکومت اور اپوزیشن دونوں ملے ہوئے ہیں کیونکہ ان کے ایک دوسرے کے ساتھ مفادات جڑے ہوئے ہیں جبکہ چارٹر آف ڈیموکریسی چارٹر آف مک مکا تھا۔ عمران خان نے کہا ڈان لیکس میں جو زبان استعمال ہوئی مریم نواز اب کھل کر سامنے آ گئی ہیں کیونکہ یہ لوگ اپنی چوری بچانے کے لیے اداروں کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔ آرمی چیف بار بار کہہ چکے ہیں کہ وہ مارشل لا نہیں لگائیں گے جمہوریت کیساتھ ہیں لیکن یہ لوگ فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں ان سے بڑا ملک دشمن کوئی نہیں۔
کپتان نے اس موقع پر الیکشن کمیشن کو بھی خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ کہتے ہیں الیکشن کمیشن عدالت نہیں اس کا کام انتخابات کرانا ہے اور الیکشن کمیشن نے توہین کے معاملے میں میرے وارنٹ جاری کیے دنیا میں ایسا کہیں ہوا ہے صرف یہ مجھے میرا جرم بتا دیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں