یاسر شاہ ٹیم مینجمنٹ کو اپنی فٹنس سے مطمئن کرنے میں ناکام

11:48 AM, 20 Sep, 2017

لاہور: قومی ٹیم کے اسپنر یاسر شاہ ٹیم مینجمنٹ کو اپنی فٹنس سے مطمئن نہیں کر سکے۔ قومی ٹیم کی سری لنکا سے سیریز کے لیے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے جس میں کھلاڑی سخت پریکٹس اور فٹنس پر محنت کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے اسپنر یاسر شاہ کو گزشتہ ماہ ٹیسٹ کے بعد فٹنس بہتر کرنے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی گئی تھی لیکن اسپنر ایک ماہ میں بھی اپنی فٹنس کے معیار کو بہتر نہیں بنا سکے اور کیمپ کے دوران کوچ اور ٹرینر کو مطمئن نہیں کر سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ یاسر شاہ کی فٹنس سے کسی طور مطمئن نہیں ہے اور لیگ اسپنر کے متبادل پر غور کیا جا رہا ہے جب کہ یاسر شاہ کو سخت پیغام دینے کے لیے ان کے متبادل کو بھی لایا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم اور سری لنکا کے درمیان سیریز رواں ماہ سے شروع ہونی ہے جس میں دونوں ٹیمیں 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جن میں ایک ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں