36غیر ملکیوں اور سعودیوں پر منی لانڈرنگ کے الزام ، قانونی کارروائی شروع

10:11 AM, 20 Sep, 2017

دمام: سعودی عرب میں 36غیر ملکی اور سعودی منی لانڈرنگ کے معاملات میں ملوث پائے گئے ہیں ۔ ان کے خلاف دہشت گردی کی فنڈنگ ، منی لانڈرنگ ، سراغ رسانی اور غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ابتدائی شواہد مل گئے ہیں۔

متعلقہ حکام ملزمان سے پوچھ گچھ کر کے معلومات کا تجزیہ کر رہے ہیں۔ الوطن اخبار کے مطابق سعودی اقتصادی سوسائٹی کے رکن اور انسداد منی لانڈرنگ کے ایک عہدیدار نایف الغامدی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے انسداد میں حصہ لینے والے ممالک میں پیش پیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے انسداد کا دائرہ کسی ایک ملک تک محدود نہیں۔ دولت کی غیر قانونی ترسیل کی روک تھام تمام ممالک کی ذمہ داری ہے۔

قانونی مشیر بندرالبشری نے کہا کہ مشکوک سرمائے کی سن گن ملنے پر وہ کم ہو یا زیادہ متعدد اقدامات مقرر ہیں۔ پہلی فرصت میں مالیاتی سراغ لگانے والی کمیٹی کو براہ راست مطلع کرنا ضروری ہے۔ متعلقہ فریقوں اور صورتحال کی بابت ملنے والی معلومات پر مفصل رپورٹ تیار کرنا ہوتی ہے۔ البشری نے بتایا کہ منی لانڈرنگ کی سزا 10برس تک قید اور 50لاکھ ریال تک جرمانہ یا دونوں میں سے کوئی ایک دی جاتی ہے۔

غیر قانونی سرمایہ ضبط کر لیا جاتا ہے۔ بعض حالات میں سزا 15برس اورجرمانہ 70لاکھ ر یال تک پہنچ جاتا ہے۔

مزیدخبریں