ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کے بعد کپتان سمیت بھارتی ٹیم کے کئی اہم کھلاڑیوں کو چھٹی دینے کا فیصلہ

11:19 AM, 20 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

نئی دہلی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)  ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے بعد اور انگلینڈ سے میچ کے قبل کپتان روہت شرما سمیت کئی اہم بھارتی کھلاڑیوں کو چھٹی دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق  نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے بعد کپتان روہت شرما سمیت کئی کرکٹرز کو بریک دی جائے گی۔

ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق بھارت کے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کےخلاف میچ میں ایک ہفتے کا وقفہ ہے،اس وقفے کے دوران بھارتی کرکٹرز کو چھٹی دی جائے گی۔

کھلاڑیوں کو بریک دینے کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑی ایشیا کپ سے اب تک گھروں کو نہیں جا سکےہیں لہٰذا اس میچ کے بعد ایک ہفتے کے دوران کھلاڑیوں کو  بریک کا آپشن دیا جائے گا، جس کے تحت انگلینڈ سے میچ سے قبل کھلاڑی 2،3  روز  اپنے خاندان کے ساتھ گزار سکتے ہیں ۔


بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس دوران  کپتان روہت شرما ، ویرات کوہلی ، شبمن گل ، کے ایل راہول  ،شریاس ائیر ، جسپریت بمراہ اور ہاردیک پانڈیا بھی چھٹی کرنے والوں میں شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ22 اکتوبر ( اتوار) کو  کھیلا جائے گا جبکہ بھارت اور انگلینڈ کے مابین میچ 29 اکتوبر (اتوار)  کو کھیلا جائے گا۔

بھارت بمقابلہ نیوزی لینڈ میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا انجری کے باعث  نہیں کھیلیں گے۔  بھارتی میڈیا کے مطابق  ہاردیک پانڈیا کو ٹخنے کی تکلیف سے چھٹکارا پانے کے لیے ایک ہفتہ درکار ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پلیئنگ الیون میں سوریا کمار یادیو یا ایشان کشن کو شامل کیا جائے گا جبکہ اس میچ میں شردل ٹھاکر کی جگہ محمد شامی کو کھلایا جا سکتا ہے۔

 
بھارتی میڈیا کے مطابق ہاردیک پانڈیا گزشتہ روز بنگلا دیش کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے، ان کا اسکین بھی کرایا گیا ہے اور جائزہ رپورٹ کے بعد باقاعدہ فیصلہ ہوگا۔

مزیدخبریں