اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سویلینز کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے خلاف کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔
جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بنچ 23 اکتوبر کو ساڑھے گیارہ بجے سماعت کرے گا، بنچ میں جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل کیس کی گزشتہ سماعت 3 اگست کو ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ شہریوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلانے کیخلاف کیس میں 21 جولائی کو سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے پابند کیا تھا کہ سپریم کورٹ کو آگاہ کئے بغیر فوجی عدالتوں میں ملزمان کا ٹرائل شروع نہ کیا جائے، حکم کی خلاف ورزی پر ذمہ داروں کو طلب کریں گے۔