اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری کو پچیس سال پرانے کیسز میں باقاعدہ ریلیف مل گیا ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کی اپیلیں واپس لینے کی استدعا منظور کر لی ، نیب نے عدالت سے باضابطہ طور پر اپیلیں واپس لینے کی استدعا کی تھی ۔ جس پر عدالت نے کہا کہ ہم آپ کی اپیلیں میرٹ پر بھی خارج کر رہے ہیں ۔
نیب کی جانب سے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل جہانزیب بھروانہ عدالت پیش ہوئے تو چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ میرٹ کے مطابق تو آپ کے پاس کیس تھا ہی کچھ نہیں ، کیا نیب نے کوئی انکوئری کی کہ کیس کا ریکارڈ کہاں گیا تھا ؟ آپ کی اپیلیں میرٹ پر بھی خارج ہی ہونی تھیں ۔
جسٹس اعجاز اسحاق خان نے پراسیکیوٹر سے پوچھا کہ کیا آپ کو کچھ پتہ نہیں ریکارڈ گیا کہاں تھا ؟ جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ نہیں ان کو پتہ تو ہے ۔ کیونکہ گزشتہ سماعت پر انہوں نے کہا تھا لاہور ہائیکورٹ سے واپسی پر ریکارڈ کہیں گیا ۔