عالمی برادری کو افغان عوام کی دل کھول کر مدد کرنی چاہیے:پاکستان

10:57 PM, 20 Oct, 2021

ماسکو:روس کی طرف سے افغانستان ایشو پر بلائے جانے والے اجلاس میں پاکستان نے کہا کہ افغانستان کو انسانی بنیادوں پر فوری مدد کی ضرورت ہے،جنگ زدہ ملک کو بڑے انسانی المیے اور مالی بحران سے بچانے کے لیے معاشی امداد بنیادی اہمیت کی حامل ہے،افغان عوام کی مدد کے لیے عالمی برادری کو اپنی کوششیں تیز کرنی چا ہئیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق افغانستان پر ماسکو فارمیٹ کا تیسرا اجلاس روس کی میزبانی میں ماسکو میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چین ، پاکستان ، ایران ، بھارت ، قازقستان ، ترکمانستان ، ازبکستان ، تاجکستان، کرغزستان اور افغانستان کے وفد نے شرکت کی،افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق نے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد صادق نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کا تعمیری کردار عالمی برادری کی طرف سے تسلیم شدہ ہے۔انہوں نے کہا افغانستان میں امن پورے خطے کے مفاد میں ہے ،اس سے سرحدوں کو محفوظ بنانے ، علاقائی رابطوں کے فروغ ، پناہ گزینوں کی واپسی اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں مدد ملی گی،اس لیے افغانستان کو انسانی بنیادوں پر فوری مدد کی ضرورت ہے۔

نمائندہ خصوصی پاکستان نے کہا عالمی برادری کو اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں،جنگ زدہ ملک کو بڑے انسانی المیے اور مالی بحران سے بچانے کے لیے معاشی امداد بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ امن ، خوشحالی اور معاشی استحکام ساتھ ساتھ چلتے ہیں ۔افغان عوام کو امن ، ترقی اور خوشحالی کی ضرورت اور اس کے حقدار ہیں۔ عالمی برادری کو افغان عوام کی دل کھول کر مدد کرنی چاہیے۔

مزیدخبریں