راولپنڈی: امن دشمنوں نے کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں سپاہی قیصر محمد شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق امن دشمنوں نے کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔ پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے موثر جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی قیصر محمد شہید ہو گئے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے۔
خیال رہے کہ آج تھل میں دہشت گردوں نے فوجی پوسٹ پر فائرنگ کر دی جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ دہشت گردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 26 سالہ سپاہی وقاص شہید ہو گیا۔
دو روز قبل شمالی وزیرستان کےعلاقے اسپن وام میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر فائرنگ کر دی تھی جس سے 25 سالہ سپاہی سیف اللہ شہید ہو گئے تھے۔
اس سے قبل 12 اکتوبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا۔ آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا تھا۔
گزشتہ ماہ 28 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اور مصدقہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔ دہشتگردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کرنے کے دوران پاک فوج اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا فائرنگ کے تبادلے کے دوران 10 دہشتگرد ہلاک ہو گئے تھے ۔ ہلاک دہشت گردوں میں 4 اہم کمانڈر بھی شامل تھے۔ ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ و بارود برآمد ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں ملوث تھے۔