آریان خان کے وکلا نے ضمانت کیلئے ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی

09:00 PM, 20 Oct, 2021

ممبئی: بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے کی ضمانت کے لیے ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے بتایا کہ سیشن کورٹ کی جانب سے درخواست مسترد کیے جانے کے فوری بعد آریان خان کے وکلا نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔

اس سے قبل 20 اکتوبر کو ممبئی کی سیشن کورٹ نے آریان خان کی ضمانت درخواست مسترد کر دی تھی جبکہ اس سے پہلے 7 اکتوبر کو میٹروپولیٹن عدالت نے بھی ان کی درخواست مسترد کی تھی۔ شاہ رخ خان کے بیٹے کے وکلا کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر 21 اکتوبر کی صبح 11 بجے تک سماعت ہونے کا امکان ہے۔

آریان خان کے وکلا کی جانب سے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے پر نارکوٹکس فورس کی وکلا ٹیم نے بالی وڈ اداکار کے بیٹے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور اسی حوالے سے رپورٹ میں بتایا کہ آریان خان کے وکلا نے 20 اکتوبر کی دوپہر کو ہی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی اور ان کی کوشش تھی کہ اسی دن ہی ان کی درخواست پر سماعت ہو تاہم ایسا نہ ہو سکا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آریان خان کی درخواست ضمانت پر 21 اکتوبر کو ممبئی ہائی کورٹ کا سنگل بینچ سماعت کرے گا اور نئی پیش رفت سے متعلق نارکوٹکس فورس کی وکلا ٹیم کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔ انسداد منشیات فورس کی قانونی ٹیم نے تصدیق کی کہ 21 اکتوبر کو آریان خان کی ضمانت درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ میں سماعت ہو گی۔

شاہ رخ خان کے بیٹے کے وکلا کی جانب سے ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں نارکوٹکس فورس پر الزامات لگاتے ہوئے ان کے دعووں کو جھوٹا قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا کہ آریان خان کو نہ تو جائے وقوع سے گرفتار کیا گیا اور نہ ہی ان سے ذاتی طور پر منشیات برآمد ہوئی۔

ہائی کورٹ سے قبل سیشن کورٹ نے 20 اکتوبر کو آریان خان کی ضمانت مسترد کر دی تھی جبکہ اس سے قبل 7 اکتوبر کو میٹرو پولیٹن کورٹ نے بھی ان کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی۔ آریان خان ساتھیوں سمیت اس وقت 14 دن کے ریمانڈ پر جیل میں ہیں اور انہیں جیل میں 13 دن گزر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے کو تین اکتوبر کو ساتھیوں سمیت ممبئی کے ساحل سمندر پر ایک کروز شپ سے گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر الزام ہے کہ وہ ساتھیوں سمیت مذکورہ کروز میں ڈرگ پارٹی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

مزیدخبریں