وزیراعظم آنے والے دنوں میں بڑے پروگراموں کا اعلان کریں گے:فواد چوہدری 

07:45 PM, 20 Oct, 2021

اسلام آباد:حکومتی جماعت تحریک انصاف نے مقامی حکومتوں کے انتخابات کی تیاری شروع کردی ،وزیر اعظم نے مقامی حکومتوں کو انتخابات کی تیاری اور اپنے اپنے شہروں اور اضلاع میں منظم عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کے احکامات دے دئیے ۔

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے  پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد بریفنگ میں بتایا کہ دالوں، سبزیوں، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے،اگر یہ رجحان برقرار رہا تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات میں کچھ ریلیف ملے گا۔ حکومت مہنگائی کے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے کوششیں کر رہی ہے اسی سلسلے میں آنے والے دنوں میں وزیر اعظم بڑے پروگراموں کا اعلان کرینگے ۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدار ت ہونے والے اجلاس میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ سے پی ٹی آئی کی لیڈر شپ نے شرکت کی، اجلاس میں پنجاب کے اندر مقامی حکومتوں کے انتخابات کے حوالے سے  گفتگو ہوئی ،وزیراعظم نے پارٹی لیڈر شپ کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات کی تیاری کے لئے شہروں اور اضلاع میں شیڈول جاری کئے جائیں۔

 کور کمیٹی کے اجلاس سے پہلے وزیراعظم نے احساس پروگرام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی اور  متوسط طبقہ کو ریلیف کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی،وزیراعظم نے احساس پروگرام کی سبسڈی سکیم کو بڑھانے کی بھی ہدایت کی، وفاقی وزیر نے بتایا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب احساس پروگرام کی سبسڈی سکیم میں حصہ دار بننے کو تیار ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ سندھ اور بلوچستان بھی اس سبسڈی سکیم میں حصہ دار بنیں ،انہوں نے کہا اس سلسلے میں  گلگت بلتستان اور کشمیر نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ گندم کے اجراءمیں مسلسل تاخیر کے باعث سندھ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نسبت 400 روپے زیادہ مہنگا ہے،ہم سندھ حکومت پر مسلسل زور دے رہے ہیں کہ گندم کی ریلیز کو بڑھایا جائے تاکہ سندھ میں آٹے کی قیمت میں کمی ہو،انہوں نے بتایا کہ  اس سال گنے کی تاریخی پیداوار ہونے کی توقع ہے، کاٹن کی پیداوار گزشتہ سال کی نسبت 60 فیصد زیادہ ہے۔

مزیدخبریں