فیس بُک پر 7 کروڑ ڈالر کا جرمانہ عائد

07:18 PM, 20 Oct, 2021

لندن: فیس بک کو ایک اور بڑا جھٹکا لگ گیا۔ برطانیہ کے ایک نگران ادارے نے تقریباً 7 کروڑ ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا۔ 

برطانیہ کے مسابقتی ریگولیٹر کی جانب سے فیس بک پر یہ جرمانہ اس وجہ سے کیا گیا ہے کیونکہ اس نے جِف بنانے والی معروف ویب سائٹ جِفی (Giphy) کی خریداری کے بارے میں تحقیقات کے دوران معلومات کو جان بوجھ کر چھپایا۔

برطانیہ کی کمپیٹیشن اینڈ مارکیٹس اتھارٹی (سی ایم اے) نے اس سال کے شروع میں فیس بک کی جانب سے جِفی کو 400 ملین ڈالر میں خریدنے کی تحقیقات شروع کی تھیں۔ سوشل نیٹ ورکنگ کمپنی نے جان بوجھ کر معلومات فراہم کرنے سے انکار کیا اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ وہ اِنیشل انفورسمنٹ آرڈر (آئی ای او) کی تعمیل کر رہی ہے۔

آئی ای او کا مطلب ہے کہ سی ایم اے کی تحقیقات مکمل ہونے تک کمپنی لازمی طور پر کسی بھی نئے خریدے گئے کاروبار کے مزید انضمام کو روکے اور اسے پہلے کی ہی طرح مقابلہ کرنے کی اجازت دے۔ سی ایم اے میں انضمام کے ڈائریکٹر جوئل بامفورڈ کا کہنا ہے کہ یہ ہر اس کمپنی کے لیے انتباہ ہے جو یہ سمجھتی ہے کہ وہ قانون سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیس بک کو خبردار کیا کہ ہمیں اہم معلومات فراہم کرنے سے انکار اس حکم کی خلاف ورزی ہے لیکن دو الگ الگ عدالتوں میں اپیل ہارنے کے بعد بھی فیس بک نے اپنی قانونی ذمہ داریوں کو نظر انداز کیا۔

سی ایم اے نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب کسی کمپنی نے آئی ای او کے تحت معلومات کی فراہمی سے شعوری طور پر انکار کیا۔ سی ایم اے کے مطابق وہ یہ سمجھتے ہیں کہ فیس بک کی جانب سے حکم کی تعمیل میں ناکامی دانستہ تھی۔ 

مزیدخبریں