ٹی 20 ورلڈکپ، وارم اپ میچ میں آسٹریلیا کو بھارت کے ہاتھوں شکست

07:01 PM, 20 Oct, 2021

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے وا رم اپ میچ میں بھارت نے روہت شرما کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔ 
آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ سٹیو سمتھ 48 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ گلین میکس ویل نے 28 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 37 اور مارکوس سٹوئنس نے 45 گیندوں پر 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 41 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ 
بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشوین سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 2 اوورز میں 8 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بھوونیشور کمار اور رویندرا جدیجہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
بھارتی ٹیم نے مقررہ ہدف 18 ویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ روہت شرما نے 41 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 60 رنز بنائے جبکہ کے ایل راہول 39، سوریاکمار یادیو 38 اور ہردیک پانڈیا 14 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ 
آسٹریلیا کی جانب سے تمام باؤلرز نے ہی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایشٹن اگر ہی واحد وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ پیٹ کومنز 4 اوورز میں 33 رنز دے کر سب سے مہنگے باؤلر رہے۔ 
واضح رہے کہ بھارت کی قیادت ویرات کوہلی نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کے ایل راہول، روہت شرما، ایشان کشن، رشبھ پنت، سوریا کمار یادیو، ہردیک پانڈیا، رویندرا جدیجہ، شردل ٹھاکر، راہول چھاہر، روی چندرن ایشوین، بھوونیشور کمار اور ورون چکراورتھی شامل تھے۔ 
آسٹریلیا کی قیادت ایرون فنچ نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، سٹیو سمتھ، مارکوس سٹوئنس، گلین میکس ویل، میتھیو ویڈ، پیٹ کومنز، ایشٹن اگر، مچل سٹارک، کین رچرڈسن اور ایڈم زامپا شامل تھے۔ 

مزیدخبریں