لاہور: ڈی آئی جی انوسیٹی گیشن شارق جمال نے کہا ہے کہ گریٹر اقبال پارک کیس میں گرفتار متاثرہ خاتون عائشہ کے ساتھی ریمبو اور دیگر ملزمان پر بھتہ مانگنے کا چارج لگا دیا گیا ہے جس کا چالان جلد جمع کرا دیں گے۔
لاہور میں اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال نے کہا کہ عائشہ کے بیان کے بعد کیس کے درج مقدمے میں دفعہ 384 شامل کی گئی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے بتایا عائشہ نے بیان دیا تھا کہ ریمبو بلیک میل کر کے 10 لاکھ بھتہ لے چکا ہے، ریمبو اورا س کے 11 ساتھیوں سے بھتہ میں لئے گئے 20 ہزار برآمد ہوئے ہیں۔
شارق جمال نے مزید کہا کہ عائشہ کے ساتھی ریمبو اور دیگر ملزمان پر بھتہ مانگنے کا چارج لگا دیا گیا ہے جس کا چالان جلد جمع کرا دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہیکل چھیننے اورچوروں کے13 گینگز کے 34 پیشہ ور ملزمان سمیت 91 چور گرفتار کر کے ملزمان سے 9 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 16 کاریں، 321 موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ برآمد گاڑیوں میں ایک گاڑی کی قیمت 5 کڑور روپے ہے ۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے بتایا ان ملزمان کی گرفتاری کے بعد موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں واضح کمی ہو گی۔