ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف میچ، انضمام الحق کا قومی ٹیم کو قیمتی مشورہ 

ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف میچ، انضمام الحق کا قومی ٹیم کو قیمتی مشورہ 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم کا کمبی نیشن بہت اہمیت کا حامل ہے اور اگر پہلے بیٹنگ کا موقع ملے تو بہترین آغاز کے ذریعے حریف ٹیم کو دباؤ میں لیا جا سکتا ہے۔ 
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ہماری ٹیم اب بہت متوازن ہے اور امید ہے کہ اچھی کارکردگی دیکھنے کو ملے گی لیکن میچ جیتنے کیلئے پلیئرز کی فارم کے ساتھ بطور ٹیم بھی کارکردگی اچھی ہونا بہت ضروری ہے۔ بھارت کے خلاف میچ میں لیگ سپنر شاداب خان، سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک اور سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کردار بہت اہم ہو گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جتنی کرکٹ کھیلی ہے، اور کسی ٹیم نے نہیں کھیلی ہو گی لہٰذا یہ بھی قومی ٹیم کیلئے بہت مثبت پہلو ہے۔ قومی ٹیم کے کھلاڑی دباؤ میں آئے بغیر اپنی بہترین کرکٹ کھیلیں تو کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ 
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 24 اکتوبر کو روائتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی اور پوری دنیا میں موجود کرکٹ کے مداح اس میچ کیلئے بے صبری سے منتظر ہیں۔