پاکستانی ٹیم آج جنوبی افریقہ کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی

01:36 PM, 20 Oct, 2021

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں آج قومی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا وارم اپ میچ کھیلے گی جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہو گا۔ 
ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف وارم اپ میچ میں پاکستان نے سینئر اور تجربے کار کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کا منصوبہ ترتیب دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ ان کھلاڑیوں کو موقع دے گی جو ممکنہ طور پر ورلڈکپ میچز میں پلیئنگ الیون میں شامل ہوں گے۔ 
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے پہلے وارم اپ میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 130 رنز بنائے تھے اور قومی ٹیم نے مقررہ ہدف 16 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔ 
پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 1 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے تھے اور فخر زمان نے 24 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی جبکہ محمد رضوان 13 رنز بنا سکے تھے۔ 

مزیدخبریں