کابل: طالبان نے امریکا اور اتحادی افواج کے چھوڑے گئے ناکارہ جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کو فعال بنانا شروع کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان میں امریکی اور اتحادی افواج کے انخلاء کے وقت گاڑیوں ، جنگی جہازوں ، ہیلی کاپٹروں، ایوی ایشن کے پرزہ جات اوردیگر جنگی سازوسامان کی بڑی تعداد ناکارہ بنا کرچھوڑ گئی تھی ۔
طالبان حکام نے اتحادی افواج کے چھوڑے ہوئے جنگی جہاز اورہیلی کاپٹروں کو اب فعال بنانا شروع کردیا ہے اور اس کے لئے طالبان نے افغانستان میں موجود انجنیئرز اور دیگر ماہرین کی خدمات لی ہیں ۔
طالبان کے لئے کام کرنے والے انجنیئرز اور ایوی ایشن ماہرین نے درجنوں جہازوں کو دوبارہ قا بل پرواز اور قابل عمل بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔
طالبان کی سپیشل فورسز کی خاص بات یہ ہے کہ اس ٹیم میں وہ پائلٹ بھی شامل ہیں جو ماضی میں اشرف غنی انتظامیہ کے لئے طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے تھے ۔