اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستانی سمندری حدود میں دخل اندازی کی مسلسل تیسری کوشش تشویشناک ہے۔پاک بحریہ نے بھارت کو بے نقاب کردیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی آبدوز کو پاکستانی سمندری حدود میں داخلے کی کوشش ناکام بنانے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام کیا بلکہ انہیں بے نقاب بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی پاکستانی سمندری حدود میں دخل اندازی کی مسلسل تیسری کوشش تشویشناک ہے بھارت کے رویئے پر عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ عزائم کا پردہ چاک ہوچکا ہے، جارحانہ عزائم کیخلاف ہر پاکستانی سیسہ پلائی دیوارکی مانند ہے ۔
یاد رہے کہ پاک بحریہ نے ایک بار پھر اپنی بے مثال نگرانی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس مہینے کی 16 اکتوبر کو رات گئے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر اسے پاکستانی حدود میں داخلے سے روک دیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے جس میں پاکستان بحریہ کے طویل فاصلے تک سمندری نگرانی پر مامور طیارے نے بھارتی بحریہ کی آبدوز کا قبل از وقت سراغ لگایا۔