ممبئی : دنیا بھر میں پٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرتی نظر آرہی ہیں پاکستان ہو یا بھارت کہیں بھی اگر مفت پٹرول ملےتو خواب جیسا لگتا ہے لیکن اس دور میں بھی مفت پٹرول مل رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پٹرول پمپ کے مالک نے اپنی بھانجی کی پیدائش کی خوشی میں تین دن تک مفت پٹرول دینے کا اعلان کردیا ۔
مدھیہ پردیش کے ضلع بیتول میں پٹرول پمپ کے مالک دیپک سینانی کی بہن کے گھر بیٹی کی پیدائش ہوئی تو انہوں نے کچھ منفرد کرنے کا سوچا۔
بچی کے ماموں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب مفت پٹرول بانٹنے کا خیال میرے ذہن میں آتا تو ساتھ ہی مجھے لگا کہ کہیں اس کو میرے پٹرول پمپ کی مفت تشہیر ہی نہ سمجھا جائے لیکن پھر میں نے بھانجی کی پیدائش کی خوشی کو اس سے کہیں زیادہ سمجھا ۔
پیٹرول پمپ مالک نے بتایا کہ میں نے دیکھا صبح 9 سے 11 اور شام 5 سے 7 بجے کے درمیان زیادہ سے زیادہ گاہک آرہے ہیں، تو میں نے اسی وقت 5 سے 10 فیصد اضافی پیٹرول فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دیپک نے 100 روپے کا پیٹرول خریدنے والے افراد کو 5 فیصد اضافی ایندھن فراہم کیا جب کہ 200 سے 500 روپے کا پیٹرول خریدنے والے شہریوں کو 10 فیصد اضافی پیٹرول دیا ۔