دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر شعیب ملک نے اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کو الوداع کہنے سے قبل قومی ٹیم کو عالمی کپ جتوانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ 39 سالہ آل رائونڈر شعیب ملک کیریئر کا شاندار اختتام کرنے کے خواہاں ہیں۔
شعیب ملک ٹی 20 ورلڈ کپ میں شریک پاکستانی سکواڈ کے سینئر ترین کھلاڑی ہیں جن کی موجودگی کا قومی ٹیم کو ورلڈ کپ میں ضرور فائدہ ہوگا۔ انھوں نے 1999ء میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔
شعیب ملک کو صہیب مقصود کی انجری کے سبب آخری لمحات میں ٹیم کا حصہ بنایا گیا تاہم وہ پہلے ہی آئندہ برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ میں شریک ہونے کا امکان رد کر چکے ہیں۔
شعیب نے کہا کہ میں ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہنا چاہوں گا اور اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کو الوداع کہنے سے قبل قومی ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانا چاہتا ہوں۔
شعیب ملک کو 35 ٹیسٹ، 287 ایک روزہ اور 116 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔