لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سندھ پولیس کو سیلوٹ پیش کرتےہوئے کہا کہ آج ہم کراچی پولیس کو شاباش پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے دھونس اور جبر کےسامنے جھک جانے سے انکار کر دیا ۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سندھ پولیس کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ "شاباش سندھ پولیس ہمیں آپ پر فخر ہے"،مریم نواز نے کہا کہ عوام خوف کی زنجیریں توڑ رہے ہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، لوگوں کا آئین کی بالادستی کے لیے کھڑا ہونا خوش آئند ہے۔
انہوں نے لکھا کہ اپنے گمشدہ حقوق کو واپس لینے کی عوام کی کوشش قابل تحسین ہے، سازش اور سازشی عناصر بری طرح بے نقاب ہوگئے ہیں،مریم نواز نے بلاول بھٹو کے دو ٹوک موقف اور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان بدل چکا ہے، اداروں کو تباہ کرنے کا راگ الاپنے والوں کو یہ اچھے سے پتا چل گیا ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سےقبل بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی سےکراچی واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا،بلاول نے سوال کیا تھا کہ کون تھے وہ دو لوگ کو آئی جی کو صبح 4 بجے گھر سے لیکر گئے تھے، سب افسران سوال کررہےہیں کون تھےجوآئی جی سندھ کےگھرپرگئے،ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے مزار پر ایک نعرہ لگانے پر اتنا بڑا ایشو بنایا گیا، ایسی کیا ضرورت پڑگئی کہ صبح 4 بجے آئی جی سندھ کو گھر سے لے گئے، اگر پولیس پر دباؤ ڈالا جائے گا تو وہ اپنا کام کیسے کرے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پولیس پر دباو ناقابل برداشت ہے، آئی جی سندھ کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا ہے اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔