آپ سکون سے فوت ہو جائیں ٗ باقی کام ہمارا

آپ سکون سے فوت ہو جائیں ٗ باقی کام ہمارا

قاہرہ:مرنے کے بعد لواحقین کیلئے صدمے کی کیفیت میں تجہیز و تکفین ایک مشکل امر ہوتا ہے لیکن اب ایک ایسی کمپنی بن گئی ہے جو آپ کو ان تمام مسائل سے آزاد کرتی ہے ۔ مصر میں قائم ہونے والی یہ کمپنی آخری رسومات کے انتظامات، کفن دفن، اخبارات میں فوتیدگی کے اشتہارات جاری کرنے، تعزیتی کیمپ اور تقریبات کا انعقاد، قبر کی کھدائی، جنازوں کا اہتمام اور فوت ہونے والے شخص کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کے اظہار جیسی خدمات معاوضے کے عوض فراہم کرنے کا کام کرتی ہے ۔


تفصیلات کے مطابق کمپنی کا سلوگن بہت مزیدار ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’’آپ نے زندگی میں سب کا عزت واحترام کیا اور ہم آپ کے مرنے کے بعد آپ کا احترام کررہے ہیں‘‘۔ کمپنی مصر کے چند نوجوانوں نے مل کر تشکیل دی ہے۔کمپنی کے مالک احمد جاب االلہ نے بتایا کہ ان کی کمپنی جنازوں کو غسل دینے، کفنانے، دفن کے انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ تعزیتی پروگرام منعقد کرنے اور فوت ہونے والے شخص کے ایصال ثواب کے لیے دیئے جانے والے صدقات وخیرات کو مستحق لوگوں تک پہنچانے کی ذمہ داری انجام دیتی ہے۔


ایک سوال کے جواب میں احمد جاب اللہ کا کہنا تھا کہ انہیں جنازوں کے انتظامات کے لیے کمپنی بنانے کا خیال سنہ 2005 میں اس وقت آیا جب ان کے ایک دوست کے والد انتقال کر گئے اور فوتگی کے بعد انہیں اور ان کے خاندان کو میت کو غسل دینے اور دیگر امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ان کا مزید کہنا تھا نے کہا کہ انہوں سات سال پیشتر اپنے چند دوستوں کے ساتھ مل کر یہ کمپنی قائم کی۔


ان کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی کمپنیاں اور ٹیمیں کئی ممالک میں قائم ہیں۔ہماری  کمپنی اب تک 340 مردوں کی تدفین کے انتظامات میں ان کے لواحقین کی مدد کر چکی ہے۔ہمارا مشن بلا تفریق اور بلا امتیاز شہریوں کو تدفین کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اگر کسی میت کے لواحقین کو نماز جنازہ کے لیے کسی عالم دین کی تلاش میں مشکل کا سامنا ہوتو وہ جنازے کے لیے پیش امام یا عیسائی ربی کا اہتمام کرتے ہیں۔