سنجے دت نے جان لیوا بیماری کینسر کیخلاف جنگ جیت لی، مکمل طور پر صحتیاب

02:29 PM, 20 Oct, 2020

ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار سنجے دت میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ تاہم وہ اب اس جان لیوا بیماری کے خلاف جنگ جیتنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ 61 سالہ اداکار میں کینسر کی چوتھی سٹیج کی تشخیص ہوئی تھی۔ سنجے دت کو علاج کے لیے بیرون ملک لے جایا گیا تھا۔

جولائی 1959ء کو پیدا ہونے والے سنجے دت کی ساری زندگی اتار چڑھائو کا شکار رہی۔ انھیں بچپن سے ہی سگریٹ، شراب نوشی اور دیگر نشہ آور چیزوں کی لت پڑ چکی تھی۔ تاہم وقت گزرنے کیساتھ ساتھ انہوں نے اپنی ہمت سے ان بری عادتوں پر قابو پایا۔

ان کی زندگی میں ایسا دور بھی آیا جب دہشتگردوں کی معاونت کے الزام میں انھیں جیل کی سزا بھی بھگتنا پڑی۔ لیکن انہوں نے اسے بھی خوش اسلوبی سے گزرا۔ تاہم اب ان کی زندگی کا سب سے اہم مرحلہ آیا تھا جب کینسر جیسے موذی مرض نے انھیں جکڑ لیا تھا۔

سنجے دت نے خود کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی۔ انہوں انسٹاگرام کے ذریعے اپنے مداحوں کو پیغام دیا تھا کہ وہ جلد بیماری کو شکست دینے کا عزم رکھتے ہیں۔ اب ان کے دوست اجے اروڑا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سنجے دت اب مکمل طور پر صحتیاب ہو گئے ہیں۔ تاہم بالی ووڈ اداکار کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے لیکن بھارتی میڈیا نے سنجے دت کے دوست سے رابطہ کر کے اس بات کی تصدیق کی ہے۔

سنجے دت کے دوست اجے اروڑا نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ مجھے شروع دن سے یہ معلوم تھا کہ سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا، سنجے نے بہت محنت کی اور اب ان کی تمام تر رپورٹس ٹھیک آئی ہیں۔ اب ہم خوشی کے ساتھ یہ کہہ سکتے ہیں کہ سنجے دت بالکل ٹھیک ہیں اور وہ اب واپس اپنا کام کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

مزیدخبریں