بلاول بھٹو زردای نے کوئٹہ جلسے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا

01:51 PM, 20 Oct, 2020

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کوئٹہ جلسے میں شرکت نہیں کریں گے۔

اس بات کی تصدیق پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات نے کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری بدھ سے گلگت بلتستان انتخابی مہم چلانے کے لیے جائیں گے۔ پی ڈی ایم کے جلسے میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی سید یوسف رضا گیلانی یا راجہ پرویز اشرف میں سے کوئی ایک شریک ہوگا۔ پی ڈی ایم کا 25 اکتوبر کوئٹہ میں جلسہ ہوگا۔

خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے اس سے قبل 16 اکتوبر کو اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے بینر تلے گوجرنوالہ اور 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسے شرکت کرکے اپنی جماعت پیپلز پارٹی کی بھرپور نمائندگی کی تھی۔

گوجرانوالہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے پارلیمٹ کو ربڑ سٹیمپ بنا دیا ہے، دھاندلی سے قانون پاس کروائے جا رہے ہیں۔ اگر اس ملک میں کوئی کرپٹ ہے تو یہ سلیکٹیڈ حکومت اور نالائق حکمران ہیں۔ یہ کیسی تبدیلی ہے کہ آج ملک کے غریب عوام تاریخی مہنگائی اور بیروزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن عمران خان کے پاس ان مسائل کا حل ٹائیگر فورس ہے۔ ہمارے دور حکومت کی بات کی جائے تو ہم نے غریب عوام کو اکیلا نہیں چھوڑا۔ ہم نے ملک کی غریب خواتین کے لیے انقلابی منصوبہ بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ کا اجرا کیا جبکہ تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی اب فیصلہ کن ہوگی، ہماری جمہوریت کے ساتھ یہ کھلواڑ اب بند ہونا ہو گا۔ ہم نے ضیا الحق کا تاریک دور دیکھا، مشرف کا جبر دیکھا، جمہوریت کا دفاع اپنے خون سے کیا ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر نے جان قربان کی ہے مگر عوام کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ انہوں نے وزیراعظم کی کشمیر پالیسی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ یہ کشمیر کو بچانے کا دعویٰ کرتے تھے لیکن یہ کلبھوشن کے وکیل بن گئے ہیں۔ 

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم جیل کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے۔ گرفتار کرنا چاہتے ہیں تو شوق پورا کریں مگر یہ یاد رکھیں کہ عوام خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ صرف سیاسی جماعتوں پی ڈی ایم کی نہیں یہ جنگ وکلا، ڈاکٹرز، مزدوروں، طلبا کی ٹیچرز کی اور سرکاری ملازموں کی اور اس ملک میں رہنے والے ہر طبقے کی ہے۔

مزیدخبریں