مریم نواز اور کیپٹن صفدرکے خلاف لاہور میں ایک اور مقدمہ درج

مریم نواز اور کیپٹن صفدرکے خلاف لاہور میں ایک اور مقدمہ درج

لاہور:مسلم لیگ نون کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اوران کے شوہر کیپٹن(ر)محمد صفدر سمیت مسلم لیگ(ن)کے راہنماﺅں کے خلاف لاہور کے تھانہ شاہدرہ میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

یہ مقدمہ ٹریفک میں خلل ڈالنے اورلاﺅڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت  درج کیا گیا ہے ایف آئی آر میں نون لیگی رہنماﺅ ں پر ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز تقریریں کرنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے.گوجرانوالہ میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسہ میں شرکت کے لیے جانے والے قافلے میں تھانہ شاہدرہ لاہور میں نون لیگی رہنماﺅں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا.

ایف آئی آر پنجاب لاﺅڈ سپیکر ایکٹ اور کوروناایس او پیز کی خلاف ورزی پر درج کی گئی ہے جس کے مطابق ریلی کی شکل میں گوجرانوالہ میں جلسے کے لیے جاتے ہوئے نون لیگی راہنماﺅں اور کارکنوں نے شاہدرہ چوک لاہور پر بلااجازت ٹریفک بلاک کی جس سے شہریوں کو پریشانی لاحق ہوئی اور ممکنہ طور پر کورونا وائرس کا پھیلاﺅ بڑھانے کی کوشش کی.

مقدمہ 2 ہزار سے 22 سو نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا جبکہ نامزد افراد میں مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر ، ملک ریاض، سمیع اللہ خان، ملک پرویز، علی پرویزملک، بلال یاسین ، سمیع اللہ خان اور سیف الملوک کھوکھر کو ان کے ناموں سے نامزد کیا گیا ہے. پولیس کی مدعیت میں درج کیس کے مطابق ملزمان نے ریلی میں حکومتی اجازت کے بغیر گاڑی سے باہر آکر خطاب کیا جس کے دوران حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر اور نعرے بازی کی گئی.


واضح رہے کہ اس سے قبل شاہدرہ پولیس اسٹیشن میں ہی نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماﺅں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر اور غداری کا مقدمہ درج کیا جاچکا ہے ادھر گوجرانوالہ میں بھی پی ڈی ایم جلسے میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اور سڑکیں بلاک کرنے پر انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے.