کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی) کی انتظامیہ نے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کا عندیہ دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ مالی بحران کی وجہ سے لیا گیا، ادارے نے گریڈ 1 سے7 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے سے براہ راست 2 ہزار ملازمین متاثر ہوں گے۔سوئی سدرن انتظامیہ نے ملازمین کی ترقیاں بھی 3 سال کے لیے روکنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر بونس بھی 3 سال کے لیے روک دیے گئے ہیں۔
فیصلے پرعمل درآمد کرنے کے لیے انتظامیہ نے کام شروع کر دیا ہے۔ مالی بحران کے معاملے پر سوئی گیس کمپنی نے موقف دینے سے معذرت کرلی ہے۔
قبل ازیں سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی) کے ترجمان نے کہا تھا کہ سردیوں میں گیس کے مسائل مزید پیچیدہ ہوں گے۔
ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول کے الیکٹرک اپنا متبادل بندوبست کریں، کے الیکٹرک سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو پیشگی اطلاع دی جا چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں سوئی گیس کو 300 ایم ایم سی ایف ڈی کمی کا سامنا ہوگا، مختلف فیلڈز سے ایس ايس جی سی سسٹم میں گیس کم موصول ہو رہی ہے۔
سوئی سدرن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گیس فیلڈ سے گیس پریشر میں کمی ہے، ایس ایس جی سی کو 150 ایم ایم سی ایف ڈی کا شارٹ فال ہے۔ شارٹ فال ہو نے سے لاٸن پیک کی صورتحال متاثر ہوٸی ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ شارٹ فال ہو نے سے لائن پیک کی صورتحال متاثر ہوئی ہے، گھریلو صارفین کو گیس پہنچانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔